کولکاتہ: 28 /اپریل(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) آدھی آبادی کو نمائندگی کا موقع دینے کے معاملے میں دیگر پارٹیوں کے مقابلہ میں ترنمول کانگریس(ٹی ایم سی) سب سے آگے ہے اور اس نے لوک سبھا انتخابات کے لئے مغربی بنگال میں اس بار بھی 41 فیصد نشستیں خواتین کو دی ہیں۔گزشتہ لوک سبھا انتخابات میں ترنمول کانگریس کے 34 ممبران پارلیمنٹ منتخب ہوئے تھے جن میں خواتین ارکان پارلیمنٹ کی تعداد 12 تھی۔پارٹی نے اس بار 17 خواتین امیدوار انتخابی میدان میں اتارے ہیں۔ ریاست میں کانگریس نے سات خواتین کو امیدوار بنایا ہے اور دوسرے نمبر پر ہے۔ جبکہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے پانچ خواتین کو ٹکٹ دیا ہے۔ترنمول کانگریس نے جن خواتین کو امیدوار بنایا ہے، ان میں فلمی ہستیاں اور تھیٹر آرٹسٹ شامل ہیں۔اس کی طرف سے انتخابی میدان میں اترنے والی خواتین امیدواروں میں - من من سین (آسنسول)، شتابدی رائے (ویربھوم)، ارپتا گھوش (بیلورگھاٹ)، موسم بے نظیر نور (مالدہ شمالی)، اپوروا سرکار (بیرام پور)، مہوا موئترا (کرشنا نگر)، روپالی وشواس (راناگھاٹ)، ممتاز سنگھ مترا (بردوان-درگاپور)، ممتابالا ٹھاکر (بنگاؤں)، اپروپا پوددار (ایرام باغ)اورساجدہ احمد (الوبیریا) اہم ہیں۔